نیب کی بدولت ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا، چیئرمین نیب


لاہور: چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) نے کہا ہے کہ نیب کی بدولت ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب انسان دوست ادارہ ہے جو احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اس لیے نیب نے جو بھی اقدامات کیے وہ ملکی مفاد میں کیے۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے خطاب کیا سرمایہ کاری نیب کی وجہ سے رکی ہوئی ہے کاش خطاب کرنے والا نیب قانون پڑھ لیتا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب پر تنقید سے ہمیں سیکھنے کا موقع ملے گا۔ صبح نیب کی پیشی بھگتنے والا شام کو خطاب میں نیب پر تنقید شروع کر دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب لوگوں کو تحفظ فراہمی کا ادارہ ہے۔ کوئی ایک سرمایہ کار دکھا دیں جس نے نیب کی وجہ سے سرمایہ کاری نہیں کی۔ نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

جاوید اقبال نے کہا کہ نیب سرمایہ کاروں کے مسائل حل کرے گا اور نیب نے ساڑھے 3 سال میں 533 ارب روپے ریکور کیے اس لیے تنقید کرنے والوں کو حقائق کا ادراک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مگرمچھوں کو پکڑا ہوا ہے اورنیب جس طریقے سے کام کرتا ہے وہی جاری رکھے گا۔ آپ کو حقیقی سرمایہ کار اور ڈکیت میں فرق رکھنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: افرادی قوت کی برآمد، پاکستان سب سے آگے

چیئرمین نیب نے کہا کہ راولپنڈی میں ایک سوسائٹی نے لوگوں سے ڈھائی ارب روپے لیے لیکن 7 سال بعد بھی لوگوں کو حق نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 ماہ میں کسی بھی کاروباری شخصیت کی شکایت نہیں آئی اور حقیقی سرمایہ کار کو نیب سے کوئی شکایت ہے نہ ہو گی۔ اس لیے آج ملک میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ کیا نیب کوعلم نہیں ملکی معیشت بہتر ہو گی توعوام کا فائدہ ہو گا۔ نیب کی بدولت ہی ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا۔ کہا گیا نیب چھوٹی مچھلیوں کو پکڑتا ہے جبکہ ہم نے مگرمچھ اور شارک کو پکڑا اور اس سے بڑی سمندری مخلوق نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں