عمران خان نے کابینہ کو شہباز شریف پر حملے کا حکم دیا، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے کابینہ اجلاس میں شہباز شریف پر حملے کا حکم دیا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کل پارلیمان میں جو ہوا بہت افسوسناک ہے۔ کل حکومت نے قائدِ حزبِ اختلاف اور اپوزیشن پر حملہ نہیں کیا بلکہ پارلیمنٹ پر حملہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دستخطوں سے آٹا، چینی، براڈ شیٹ اور رنگ روڈ میں ڈاکہ ڈالا اور پھر شور مچا کر کمیشن اور انکوائری کا حکم دیا۔

مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ حکومتی وزرا شروع ہی سے قومی اسمبلی اجلاس میں گالی دینے، حملہ کرنے اور شہباز شریف کی تقریر روکنے کے لیے آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں عوام دشمن بجٹ میں مہنگائی اور ٹیکس ختم کرنے کا حکم نہیں بلکہ شہباز شریف اور اپوزیشن پہ حملے کا حکم دیا۔ وزرا اور کرائے کے ترجمان پارلیمان کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور اپوزیشن پہ حملہ کرنے آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون رکن اسمبلی کی بائیں آنکھ کے کار نیا پر زخم آئے ہیں، فرخ حبیب

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان نے کرائے کے ترجمانوں کا اجلاس بلا کر شہباز شریف اور اپوزیشن کو گالی دینے اور شہباز شریف کی تقریر عوام تک نہ پہنچنے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی ارکان نے بے بس ہو کر گالی دی کیونکہ شہباز شریف صاحب کی تقریر نہ رُک سکی۔ جب عمران خان کے حکم کی تعمیل نہیں ہو رہی تھی اور شہباز شریف صاحب کی تقریر جاری رہی تو تقریر روکنے کے لیے شہباز شریف صاحب پہ بجٹ کی کتاب پھینکی گئی۔


متعلقہ خبریں