ملک میں کورونا ویکسین کی قلت


اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا ویکسین کی قلت پیدا ہو گئی۔ بیشتر شہروں میں ویکسینیشن کا عمل رک گیا۔

پنجاب بھر میں کورونا ویکسینیشن کا عمل دو روز کے لیے روک دیا گیا جبکہ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں ایسٹرازینکا ویکسین ختم ہو گئی جسے آنے میں ایک ہفتے کا وقت لگے گا اور بدنظمی کے باعث بھی ویکسینیشن کا عمل روک دیا گیا۔

سندھ میں بھی کل ویکسینیشن سینٹرز بند رہیں گے جبکہ حیدرآباد میں 19 سینٹرز بند کر دیے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی کورونا ویکسینیشن کا عمل رک گیا۔

ذرائع محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں کورونا ویکسین کا اسٹاک صرف 5 ہزار رہ گیا ہے اور ویکسینیشن کا عمل آج ہی رک جانے کا خدشہ ہے۔ پشاور میں چاروں اقسام کی ویکسین کی قلت ہے اور موبائل ویکسینیشن سروس معطل ہو چکی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں چھوٹے اضلاع سے ویکسین منگوا کر شہریوں کو لگائی جا رہی ہے۔ ویکسین کی اگلی کھیپ 22 جون کو پاکستان پہنچے گی اور 23 جون تک صوبے میں دستیاب ہو گی۔

خیبر پختونخوا میں 24 جون سے دوبارہ کورونا ویکسینیشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا سےمزید 27 اموات

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر کچکول کے مطابق مردان میں کورونا ویکسین کی قلت ہے تاہم کورونا ویکسین اتوار کی رات تک پہنچ جائے گی۔


متعلقہ خبریں