اسلم خان پی آئی اے کے نئے چیئرمین مقرر


وفاقی کابینہ نے اسلم خان کی بحیثیت قومی ایئر لائن (پی آئی اے) چیئرمین تقرری کی منظوری دے دی ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے وفاقی کابینہ اجلاس سے متعلق میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اجلاس 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے پبلک پراپرٹی انکروچمنٹ بل 2021 کی منظوری دی جب کہ بینکوں سےقرض معاف کرانے کے حوالے سے ایجنڈا موخر کردیا گیا۔

فواد چودھری نے بتایا کہ جو دستاویزات پیش کی گئیں اس میں قرض معاف کرانے والوں کے نام واضح نہیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان کا جائزہ لینے کے لیے سمری وزرات داخلہ نے واپس لے لی جب کہ لیگزم برگ کے ساتھ دہری شہریت رکھنے کی اجازت دے دی۔

انہوں نے بتایا کہ وفاق کی پراپرٹی کی قابض افراد کے لیے ٹربیونل بنا رہے ہیں جو 30 دن میں فیصلہ کریگا ،سپریم کورٹ اسٹاف ہاؤسنگ کالونی کے لیے کمیٹی تشکیل دی دے ہے۔

فواد چودھری نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں عاصم رؤف کی بطور چیئرمین ڈریپ مدت ملازمت میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پارلیمنٹ سے پاس قانون پر عملدرآمد کرانے کا پابند ہے۔ آئین سے متصادم قوانین پر فیصلہ سپریم کورٹ کریگا۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام سیاست نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کو دیکھنا ہوگا پارلیمنٹ کا استحقاق مجروع نہ ہو۔ الیکشن کرانے کا طریقہ حکومت نے طے کر نا ہے۔


متعلقہ خبریں