وزیراعظم خواتین سے معافی مانگیں، پیپلزپارٹی


پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خواتین کے لباس سے متعلق بیان پر خواتین سے معافی مانگیں۔

نیر بخاری نے کہا کہ وزیراعظم کا لباس سے متعلق بیان انتہائی افسوسناک اور متاثرہ خواتین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، وزیراعظم کے بیان پر خواتین میں تشویش اور غصہ پایا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے خواتین کے لباس سے متعلق بیان دیکر مجرموں کا ساتھ اور خواتین کی توہین کی ہے۔ وزیراعظم کا بیان اپنی نااہلی اور ناکامی کا ملبہ خواتین پر ڈالنے کی کوشش ہے۔

موٹروے حادثے کے بعد کہا گیا کہ خواتین رات کو باہر نکلیں گی واقعات تو ہوں گے۔ اب کہا جا رہا ہے کہ جنسی زیادتی کے واقعات کی ذمہ دار خواتین خود ہیں۔ کیا آنے والے دنوں میں یہ کہا جائیگا کہ خواتین گھروں سے نکلیں ہی نہ تو واقعات بھی نہیں ہوں گے؟

نیر بخاری کا کہنا تھا وزیراعظم اپنا بیان فوری واپس لیکر خواتین سے معافی مانگیں۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے مجرموں کو خواتین کے خلاف جرم اور جنسی ہراساں کرنے کا عزر فراہم کیا ہے۔

وزیراعظم نے خواتین کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ کیا وزیراعظم کو معلوم ہے کہ ملک میں ہر روز 11 زیادتی کے کیس رپورٹ ہوتے ہیں۔ پاکستان میں زیادتی کیسز میں سزا کی شرح 3 فیصد سے بھی کم ہے۔

شیری رحمان نے کہا وزیراعظم ملک میں خطرناک بیانیے کی بنیاد رکھ رہے۔ اس طرح کے بیان اور سوچ سے ملک کی آدھی آبادی پر مشتمل خواتین کو منفی پیغام بھیجا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں