لاہور میں پھر کوتوال تعینات


خاکی رنگ کی اونچے شملے والی پگڑی، گھٹنوں تک پتلون، ہاتھ میں ڈنڈا اور بیلٹ کے ساتھ لٹکتی پانی کی بوتل، جی جناب، تاریخی دہلی گیٹ سے مسجد وزیر خان تک، گشت کرنے کیلئے کوتوالوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

لاہور کی سڑکوں پر پرانے وقتوں کے کوتوالوں سے مشابہت رکھنے والے محافظوں کو گشت کرتا دیکھ کر شہری خوشگوار حیرت میں مبتلا ہیں۔

قدیم ثقافت کو اجاگر کرتے کوتوالوں کو دیکھ کر شہری خوب محظوظ ہوئے۔ کسی نے ان محافظوں سے گپ شپ لگائی تو کوئی سیلفیاں بناتا رہا۔

ہم نیوز کیساتھ بات کرتے ہوئے لوگوں نے بتایا کہ بہت اچھا لگا کوتوال کو دیکھ کر کیونکہ جب چھوٹے تھے تو سنا کرتے تھے کہ کوتوال ہوتے تھے۔

گمشدہ روایات کو زندہ کرنے پر یہ کوتوال بھی خوش ہیں، کہتے ہیں ان کا مقصد تاریخی شہر کے کلچر سے لوگوں کو روشناس کرانا ہے۔

کوتوال حیدرعلی نے ہم نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا ’جب سے ہم نے وردی پہنی ہے لوگ ہمارے ساتھ بہت خوش گپیاں لگا رہے ہیں‘۔

گشت کرتے یہ کوتوال آنے جانے والے شہریوں کو مشکل کی صورت میں مدد بھی فراہم کرتے ہیں۔

دہلی گیٹ پر کھڑے یہ کوتوال صدیوں پرانی لاہوری ثقافت کو زندہ کر رہے ہیں۔ شہریوں نے سٹی اتھارٹی کے اس اقدام کو خوب سراہا ہے۔


متعلقہ خبریں