راولپنڈی میں پولیس تشدد سے شہری کی ہلاکت پر دو اہلکار معطل


راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں پولیس تشدد سے شہری کے جاں بحق ہونے کے مقدمہ میں نامزد دونوں اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پولیس تشدد سے منصور علی کی ہلاکت کا الزام ثابت ہونے پر راولپنڈی تھانہ صدر بیرونی کے ایس ایچ او اور سب انسپکٹر کو معطل کردیا گیا۔

منصور علی کی ہلاکت کا مقدمہ مقتول کے بھائی حسیب الحسن کی مدعیت میں دفعہ 302 اور 155 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

مدعی حسیب الحسن نے منصور علی کی ہلاکت کے مقدمے میں ایس ایچ او راجہ اختر اور سب انسپکٹر بلال کو نامزد کیا تھا۔

پولیس کے تشدد سے منصورعلی  کے قتل ہونے کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ سول لائنز میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ تین بچوں کے باپ منصورعلی کو پولیس نے چار روز تک تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس اہلکاروں نے مقتول کو گردوں والی جگہ لاتیں ماریں اور پینے کو پانی نہ دیا جس سے وہ دم توڑ گیا۔

مقتول کے لواحقین کا کہنا تھا کہ پولیس نے چوری کا اعتراف کروانے کے لیے منصور علی کو چار روز تک غیر قانونی حراست میں رکھا۔

لواحقین نے سٹی پولیس آفیسر(سی پی او) افضال کوثر کے دفترکے باہر احتجاج کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں