اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق حاصل ہونا چاہے، شہباز شریف

فائل فوٹو


لاہور: قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ووٹ کے حق کی حمایت کرتی ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے قومی اسمبلی اور سینٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی اور کہا کہ ن لیگ اوورسیز کمیونٹی کو ایوان اقتدار میں حق نمائندگی دینے کے لیے کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کر سکیں گے۔ شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اور سینیٹ میں 2 نشستیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مختص کرنے کی تجویز بھی دے دی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نشستوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں اور سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے جبکہ آزاد جموں وکشمیر اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کے لیے نشستیں مختص ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک آ کر ووٹ کے اندراج کے مطابق ووٹ ڈالیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہم امریکہ کیساتھ اپنے طریقے سے تجارت کرنا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی اثاثہ اور پاکستان کی شان ہیں اور اوورسیز کمیونٹی کے پاکستان میں درپیش تمام مسائل حل ہونے چاہیئیں۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی اور قدر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں وفاق میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ٹھوس اصلاحات کی گئیں اور پنجاب میں اوورسیز کمیشن قائم کرنے کے علاوہ 36 اضلاع میں رول ماڈل پروگرام تشکیل دیا گیا۔


متعلقہ خبریں