تاریخی ٹیسٹ میچ کا حصہ بننے پر فخر ہے، امام الحق

تاریخی ٹیسٹ میچ کا حصہ بننے پر فخر ہے، امام الحق | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امام الحق کا کہنا ہے کہ آئرلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ کا حصہ بننے پر فخر ہے۔ خوشی ہے کہ میں تاریخی میچ سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کروں گا۔

پاکستان کے خلاف آئرش ٹیم اپنا پہلا اور تاریخی ٹیسٹ میچ کل جمعہ کو کھیلے گی جس کے بعد آئرلینڈ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والا گیارہواں ملک بن جائے گا۔

نوجوان کرکٹر امام الحق نے کہا کہ دو وارم اپ میچوں میں اچھی کارکردگی دکھانے سے حوصلہ بڑھا ہے۔ انگلینڈ آنے سے پہلے ایک روزہ کرکٹ میں سنچری بنانے سے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا۔

سابق قومی کپتان انضمام الحق کے بھتیجے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2007 کے ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچ میں شکست اب بھی یاد ہے۔

امام الحق نے ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹرز زیادہ ہیں۔ ان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا مشکل ہوگا مگر کوچز کے ساتھ مل کر اس پر کام کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سابق کپتان وقار یونس نے پاکستانی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہ ا کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے ٹیسٹ میچ سے تاریخ رقم ہو رہی ہے۔

وقار یونس نےٹیم کو مشورہ دیا کہ ٹیم کو چاہیے کہ آئر لینڈ کے خلاف فوکس ہو کر کھیلے۔ گیلی اور سبز کنڈیشنز پر کھیلنا پاکستان کے لیے مشکل ہوگا۔ ہوم کنڈیشنز میں آئرلینڈ کو ہرانا آسان نہیں۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں اس وقت پاکستان 84 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ جیتنے سے پوائنٹس بہتر ہوں گے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم گیارہ مئی کو سرفراز احمد کی قیادت میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ جس کے بعد قومی ٹیم 24 مئی اور یکم جون کو انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

آئرلینڈ کے خلاف 15 رکنی قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق، اظہر علی، بابراعظم، فہیم اشرف، حارث سہیل، فخر زمان، امام الحق، محمد عباس، محمد عامر، راحت علی، سعد علی، سمیع اسلم، شاداب خان اور عثمان صلاح الدین شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے 11 مئی سے 14 مئی تک ڈبلن میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، بارش ہونے کی صورت میں میچ متاثر ہونے اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کو بھاری خسارے کا خدشہ ہے۔


متعلقہ خبریں