کوہ نور ہیرے کی پاکستان واپسی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر


کوہ نور ہیرا کی پاکستان واپسی کیلئے دائر کی گئی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کوہ نور ہیرے کی واپسی کیلئے دائر کی گئی درخواست پر یکم جولائی سماعت کریں گے۔

درخواستگزار کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے ہیرا مہاراجہ رنجیت سنگھ کے پوتے دلیپ سنگھ سے چھینا تھا اور برطانیہ لے گئے تھے۔

اپیل کنندہ کا مؤقف ہے کہ جب1953 میں ملکہ الزبتھ ثانی نے برطانیہ کا تخت سنبھالا تو  دلیپ سنگھ سے چھینا گیا کوہ نور ہیرا اس کے تاج کا حصہ تھا۔
عدالت میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ کوہِ نورہیرا پنجاب کا ثقافتی ورثہ ہے، ملکہ ا لزبتھ کا اس پر کوئی حق نہیں۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ کوہ نور ہیرا برطانوی حکومت سے واپس لینے اور پاکستان لانے کا حکم دیا جائے۔

خیال رہے کہ بھارت بھی برطانیہ سے کوہ نور سمیت وہ تمام نوادرات واپس مانگ رہا ہے، جو نوآبادیاتی دور میں لوٹے گئے تھے۔

جب 1997 میں ملکہ الزبتھ آزادی کی50 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت کے سرکاری دورے پر گئیں تو بھارتی عوام کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں بسنے والے بھارتی شہریوں نے بھی اس ہیرے کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔ آج کل کوہِ نور ملکہ الزبتھ ثانی کے تاج کی زینت بنا ہوا ہے۔

 


متعلقہ خبریں