عقلمند شخص پنجاب میں پیپلز پارٹی کا ٹکٹ نہیں لے گا، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عقلمند شخص پنجاب میں پیپلز پارٹی کا ٹکٹ نہیں لے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کوئی سیاسی عقل والا انسان پنجاب میں پیپلز پارٹی کا ٹکٹ نہیں لے گا اور آصف علی زرداری پنجاب میں جس کو ٹکٹ دیں گے وہ مائنس 10 ہزار ووٹ پر چلا جائے گا کیونکہ ان کے اپنے لوگوں نے 5 سال پہلے کہا پنجاب کا ووٹر آصف زرداری سے ناراض ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں انفولیب پکڑی گئی جو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرتی رہی اور جعلی انفولیب 800 سے زائد جعلی ویب سائٹ چلا رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ٹی وی میں غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں اور گزشتہ 10 سال میں سرکاری ٹی وی میں 2 ہزار 200 افراد بھرتی ہوئے۔ سرکاری ٹی وی 32 کروڑ روپے ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں ادا کر رہا ہے جبکہ سرکاری ٹی وی میں بھرتی کیے گئے 5 فیصد افراد بھی کام کے نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ نے ریلوے، قومی ائر لائن (پی آئی اے) کو بٹھا دیا۔ گزشتہ حکومتوں نے وزارت اطلاعات کو حکومتی پروپیگنڈا مشین بنایا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری خبر رساں ادارے کو اے ایف پی اور رائٹرز کی طرز پر چلائیں گے اور اگست کے پہلے ہفتے میں سرکاری ٹی وی مکمل ایچ ڈی ہو جائے گا جبکہ ریڈیو پاکستان کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیاحت کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کریں گے، وزیر اعظم

فواد چوہدری نے کہا کہ کہا گیا یہاں صحافیوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے لیکن صحافیوں پر سب سے زیادہ حملے پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منظم انداز میں پاکستان کے خلاف جعلی خبریں چلاتا ہے اور ہمارے کچھ نادان دوست بھارتی جعلی خبروں کا حصہ بن جاتے ہیں۔ افغانستان سے بھی پاکستان کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی جاتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جو بھی مہم چلائی جاتی ہے وہ مفت میں نہیں ہوتی بلکہ ان کی ادائیگی ہوتی ہے۔ پاکستان میں ڈھائی سو پاکستانی اور 40 کے قریب غیر ملکی چینل آزادی سے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چھوٹے چھوٹے مفاد کے لیے دشمنوں کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونا چاہیے اور ہم پاکستان کے بیانیے کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔ موجودہ دنیا بیانیے کی جنگ پر قائم ہے۔


متعلقہ خبریں