جوہرٹاؤن دھماکے کے تمام ملزمان گرفتار،دشمن ملک کی خفیہ ایجنسی ملوث


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتایا کہ جوہرٹاؤن دھماکے کے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں پولیس اہلکار سمیت 3افرادجاں بحق ہوئے۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ جوہر ٹاؤن دھماکے میں ملک دشمن خفیہ ایجنسی ملوث ہے۔ سی ٹی ڈی نے ذمہ داروں کا تعین کیا اوردہشت گردوں کو 4 روزمیں انتہائی پیشہ ورانہ اندازسے گرفتار کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 10کے قریب پاکستانی جوہر ٹاؤن دھماکے میں ملوث ہیں اور استعمال ہونے والی گاڑی 2010میں چھینی گئی تھی۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے بتایا کہ جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کے ذریعے ملزمان تک پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ گاڑی کی مرمت کرنے والے افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سیف سٹی کے کیمرے سے تصدیق ہوئی کہ پولیس اہلکار نے گاڑی کو چیکنگ کے لیے روکا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم کی رہائش خیبرپختونخوا کی ہے لیکن وہ پنجابیوں سے اچھی پنجابی بول سکتا ہے۔ دشمن ایجنسیز پاکستان نہیں آسکتیں ان کو ایجنٹس مل جاتے ہیں۔

انعام غنی نے بتایا کہ ایجنٹس مڈل ایسٹ سے ہائر کیے جاتے ہیں۔ ممکن نہیں کہ دشمن ایجنسی کا کوئی نمائندہ پاکستان آ جائے اور خود آپریٹ کرے۔

 


متعلقہ خبریں