مردوں کے برابر انعامی رقم دی جائے، خواتین ٹینس کھلاڑیوں کا مطالبہ

مردوں کے برابر انعامی رقم دی جائے، خواتین ٹینس کھلاڑیوں کا مطالبہ | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: قومی خواتین ٹینس اسٹارز نے امتیازی سلوک برتنے پر تنقید کرتے ہوئے مردوں کے برابر انعامی رقم دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

خاتون ٹینس کھلاڑی سارہ محبوب نے کہا کہ مردوں کو ایک لاکھ اور خواتین کو 35 ہزار روپے انعامی رقم دی جاتی ہے، اتنے کم پیسوں میں تو ہمارے سفری اخراجات بھی پورے نہیں ہوتے۔

ٹینس کوچ محبوب کی بیٹی سارہ محبوب نے 14 سال کی عمر میں پاکستان نیشنل چیمپیئن بننے والی کم عمر ٹینس کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ ایک طرف کہا جاتا ہے خواتین کھیلوں میں آگے نہیں آتیں اور دوسری طرف خواتین کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔ خواتین کو مردوں کے مقابلے میں کم اور محدود انعامی رقم دینا انہیں سزا دینے کے برابر ہے۔

ٹینس کھلاڑی نور ملک نے بھی خواتین سے ناروا سلوک کے خلاف آواز اٹھا ئی ہے۔

نور ملک نے کہا کہ میچ جیتنے کے لیے خواتین کھلاڑی بھی مرد کھلاڑیوں جتنی محنت ہی کرتی ہیں۔ خواتین کے لیے ٹورنامنٹ میں انعامی رقم بھی مردوں کے برابر ہونی چاہیے۔

دو روز قبل سارہ محبوب نے نور ملک کو شکست دے کر ایس این جی پی ایل آل پاکستان ٹینس چیمپئن شپ ٹائٹل جیتا تھا۔ ٹورنامنٹ کے فاتح کھلاڑیوں میں پانچ لاکھ 50 ہزار روپے کی انعامی رقم تقسیم کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں