بھارت: کورونا متاثرہ بچے خطرناک مرض میں مبتلا

کورونا متاثرہ بچے خطرناک مرض میں مبتلا

نئی دہلی: بھارت میں کورونا متاثرہ بچوں میں خطرناک مرض کا انکشاف ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر میں 4 بچوں کو سانس لینے میں تکلیف اور بلڈ پریشر میں کمی کی علامات کے ساتھ اسپتال لایا گیا۔ جن کی ماؤں کو ایک ماہ قبل کورونا ہوا تھا تاہم ان بچوں میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

اسپتال لائے گئے بچوں کا جب ٹیسٹ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ انہیں پہلے کورونا ہو چکا ہے اور اب انہیں زندگی کے لیے خطرناک ایک اور مرض کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال لائے گئے 4 میں سے 2 بچوں کی حالت تسلی بخش ہے تاہم 2 بچوں کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور ان کی حالت انتہائی خراب ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ معلوم نہیں اب تک بھارت میں کتنے بچے اس مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں لیکن امریکہ میں اس طرح کے 4 ہزار کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے 36 کی اموات ہوئی۔

دوسری جانب نئی دہلی کے گنگا رام اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں بچوں کے معالج ڈاکٹر دھیرن گپتا نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ تین ماہ میں ایسے 75 سے زیادہ مریض دیکھ چکے ہیں جن کی عمریں 4 سے 15 سال کے درمیان تھیں اور دارالحکومت اور اس کے مضافات میں اندازاً ایسے 500 سے زیادہ مریض موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی تشخیص اب فیس ماسک کرے گا

نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں بچوں کے امراض کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر جھوما سنکر کے مطابق یہ مرض واقعی درمیانی شدت کے کاواساکی سے لے کر متعدد اعضا کے کام کرنا چھوڑ دینے جیسی مختلف علامات کا مرکب ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق ورم بڑھنے سے خطرناک نتائچ نکل سکتے ہیں، مثلاً نظامِ تنفس یعنی سانس لینے کے نظام کا خراب ہو جانا اور دل، گردوں اور جگر جیسے متعدد اعضا کا متاثر ہونا۔


متعلقہ خبریں