ہیلتھ ورکرز کو رسک الاؤنس نہ دینے پر سیکرٹری صحت قومی اسمبلی میں طلب


اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں کورونا وبا کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے والے ہیلتھ ورکز کو رسک الاؤنس نہ دینے پر سیکرٹری ہیلتھ عامر اشرف خواجہ کو کل قومی اسمبلی میں طلب کرلیا گیا ہے۔

اسپکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہیلتھ ورکرز کو رسک الاؤنس ادا نہ کرنے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ کیوں اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں ڈیوٹی دینے والے ہیلتھ ورکرزکو ابھی تک رسک الاؤنس نہیں دیا گیا ہے؟

مزید پڑھیں: محکمہ صحت بلوچستان کے ملازمین کو کورونا رسک الاؤنس کی ادائیگی کا حکم

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ سیکرٹری ہیلتھ کل ایوان کو اس بارے میں تفصیلات دیں۔ سیکرٹری ہیلتھ پیرا میڈکس کو رسک الاؤنس نہ دینے کا کوئی جواز لے کر نہ آئیں۔  سیکرٹری صحت کل رسک الائونس دے کر میرے پاس آئیں۔

دوسری جانب کورونا الاؤنس نہ ملنے کے خلاف قومی ادارہ صحت کے ہیلتھ ورکرز نے دوسرے روز بھی احتجاج کیا۔ احتجاجی ملازمین نے کورونا کاؤنٹرز بند کرکے مرکزی گیٹ کو بھی بند کردیا گیا۔

ہیلتھ ورکرز نے کہا کہ کورونا رسک الاؤنس کے اعلان کے باوجود سیکریٹری ہیلتھ  کی جانب سے اسے روکا گیا ہے۔

احتجاجی ملازمین نے کہا کہ آج دو گھنٹے کے لیئے احتجاج کیا ہے، کل سے احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔

رسک الاؤنس نہ ملنے پر گزشتہ روز پمز، پولی کلینک اور نیرم اسپتال کے عملے نے بھی احتجاج کیا تھا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ 30 جون سے پہلے رسک الاؤنس کی سمری منظور نہ کی گئی توائیر پورٹس پر اسکریننگ بھی بند کردیں گے۔


متعلقہ خبریں