اسلام آباد: کورونا پابندیوں میں نرمی کا نوٹیفکیشن جاری

 اسلام آباد: کورونا پابندیوں میں نرمی کا نوٹیفکیشن جاری

 اسلام آباد انتظامیہ نے کورونا سے متعلق عائد پابندیوں میں نرمی کردی ہے جس کے تحت سینیما گھر، تفریحی پارکس، سومنگ پولز اور واٹر پارکس کھولنے اور انڈور اور آوٹ ڈور شادیوں کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام انڈور اور آؤٹ ڈور اجتماعات پر پابندی ہوگی تاہم انڈور شادیوں میں ویکسینیٹڈ 200 افراد کے ساتھ اجتماعات کی اجازت ہو گی۔ آؤٹ ڈور شادیوں کے اجتماعات میں 400 افراد کی گنجائش کے ساتھ اجازت ہوگی۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انڈور اور آؤٹ ڈور کھانوں کی رات 12 بجے تک اجازت ہوگی۔ انڈور کھانوں میں 50 فیصد ویکسینیٹڈ افراد کے ساتھ اجازت ہوگی۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق تفریحی پارکس، سومنگ پولز اور واٹر پارکس کو 50 فیصد لوگوں کے ساتھ آپریشنل کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام مزارات کو ایس او پیز کے ساتھ کھلنے کی اجازت ہو گی۔ تمام پبلک اور پرائیوٹ دفاتر میں 100 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام سینیما گھروں کو رات ایک بجے تک ایس او پیز اور ویکسینیٹڈ افراد کے ساتھ کھلنے کی اجازت ہو گی۔ تاہم تمام کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ تمام جمز اور اسپورٹس کورٹس میں صرف ویکسینیٹڈ ممبرز کو اجازت ہوگی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا بغیر پروٹوکول سیکٹر جی 10 اسلام آباد کا دورہ

جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو 70 فیصد مسافروں کے ساتھ سفر کی اجازت ہوگی۔۔ بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پر لگائی گئی پابندی کو ختم کر دیا گیا۔

اسلام آباد انتظامیہ نے جمعرات، جمعہ اور اتوار کو سیف ڈیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمعے کے روز اسلام آباد میں جی-9، جی-13، ستارہ مارکیٹ، جی-15، جی-10، فرنیچر مارکیٹ، گولڑہ روڈ اور ڈی ایچ اے جی ٹی روڈ بند رہینگے۔

اسی طرح جمعے کے دن بارہ کہو، پی ڈبلیو، پاکستان ٹاؤن، جی-8، جی-7، آئی-9، غوری ٹاؤن، کھنہ پل، لہتراڑ روڈ، جی -11، آبپارہ مارکیٹ، ترامڑی اور آئی -10 بند رہینگے۔

جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق جمعرات کے دن اسلام آباد کے تمام شاپنگ مالز بند رہینگے۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اتوار کے دن بلیو ایریا، ایف-10، میلوڈی مارکیٹ، ای-11، ایف-10، آئی-10، ایف-11، ایف-6 اور ایف-7 بند رہینگے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام پابندیاں یکم جولائی سے 31 جولائی تک جاری رہیں گی۔


متعلقہ خبریں