عام انتخابات میں مہنگا ترین بیلٹ پیپر استعمال کیا جائے گا


اسلام آباد: پاکستان میں رواں برس ہونے والے عام انتخابات میں مہنگا ترین بیلٹ پیپر استعمال کیا جائے گا جس پر 10 روپے فی پیپر لاگت آئے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جعلی بیلٹ پیپرز کی شکایت کے خاتمے اور دھاندلی کی روک تھام کے لیے واٹر مارک بیلٹ پیپرز اور انمٹ سیاہی والے مارکرز استعمال کرنے کی منظوری دی تھی۔

عام انتخابات میں واٹر مارک بیلٹ پیپرزکی چھپائی کے لیے مخصوص کاغذ استعمال کیا جا رہا ہے جس کی چھپائی پر ایک ارب سے زائد اخراجات آئیں گے۔

مخصوص کاغذ فرانس اور برطانیہ سے درآمد کیا جاتا ہے، پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے منگوائے جانے والے کاغذ پر تقریباً ایک ارب روپے کے اخراجات آتے ہیں۔

عام انتخابات میں 21 کروڑ کے قریب بیلٹ پیپر چھاپے جائیں گے، جس کی مکمل تیاری پر دو ارب روپے سے زائد کے اخراجات ہوں گے۔

عام انتخابات میں سیکیورٹی فیچر والے واٹر مارک بیلٹ پیپر استعمال کیے جائیں گے۔ قومی اسمبلی کے لیے ہرا اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید رنگ کا بیلٹ پیپر استعمال ہوگا۔

چند روز قبل انتخابی کمیشن کے ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی خبر میں کہا گیا تھا کہ 26 یا 27 جولائی کو آئندہ انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں