چین 70 برس بعد ملیریا فری ملک قرار


بیجنگ: عالمی ادارہ صحت نے چین کو 70 برس کی کوششوں کے بعد ملیریا فری ملک قرار دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1940 کی دہائی میں چین میں ملیریا کے سالانہ 3 کروڑ کیسز رپورٹ ہوتے تھے لیکن گذشتہ 4 برسوں میں ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل تیدروس اڈہانوم نے کہا کہ ہم چین کی عوام کو ملیریا سے چھٹکارا حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی عوام کو یہ کامیابی کئی دہائیوں کی کوشش کے بعد ملی ہے اور اس اعلان کے بعد چین دنیا کے ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے جنہوں نے ملیریا پر قابو پایا۔

واضح رہے کہ چین دنیا کا 40 واں ملک ہے جسے ڈبلیو ایچ او نے ملیریا فری قرار دیا۔ اس سے قبل گزشتہ تین برسوں کے دوران ایلسلوا ڈور، الجیریا، ارجنٹینا، پیرا گوئے اور ازبکستان نے ملیریا فری ممالک کا درجہ حاصل کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دل کے مریضوں کیلئے اچھی خبر، جسم میں جذب ہونے والا پیس میکر تیار

ملیریا رپورٹ 2020 میں کہا گیا کہ وبا کے خلاف عالمی کوششیں، خصوصاً افریقی ممالک میں یہ سلسلہ سست روسی کا شکار ہے۔

2019 میں عالمی سطح پر ملیریا کے 23 کروڑ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور دنیا میں ملیریا سے ہونے والی 90 فیصد اموات افریقہ میں ہوئی تھیں جن میں 2 لاکھ 65 ہزار بچے شامل تھے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق 1950 میں بیجنگ نے ملیریا کے خاتمے کے لیے کام شروع کیا تھا۔


متعلقہ خبریں