زلفی بخاری کا بلاول کو 100ملین پاؤنڈ ہرجانے کا نوٹس

وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادری کو 100 ملین پاؤنڈ (22 کروڑ79 لاکھ 62 ہزار روپے) کے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ہرجانے کے نوٹس میں زلفی بخاری نے بلاول بھٹو سے اپنے بیان پر نیشنل میڈیا پر معافی مانگنے، آئندہ اس طرح کی بیان بازی سے گریز کرنے اور 14 دن کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ روز بلاول بھٹو نے زلفی بخاری کے مبینہ اسرائیل کے دورے سے متعلق بیا ن دیا تھا۔

زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ بلاول کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے حال ہی میں میرے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیان دیا۔

مزید پڑھیں: زلفی بخاری نے دورہ اسرائیل کی تردید کردی

زلفی بخاری نے کہا کہ ناسمجھی کے باعث بلاول بھٹووہ سب بول جاتے ہیں جو انہیں بتایا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ حکومت زلفی بخاری کے مبینہ دورہ اسرائیل کی تفصیلات سامنے لائے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اطلاعات ہیں جہاز یہاں سے اسرائیل گیا تھا، حکومت جہاز کے روٹ کی تفصیلات قوم کے سامنے لائے۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز