اسرائیل کا شام میں ایرانی تنصیبات پر حملہ


تل ابیب: شام میں موجود عسکریت پسندوں کی جانب سے اسرائیلی زیرتسلط  وادی گولان  پر میزائل  داغے گئے۔

اسرائیل نے الزام لگایا ہے کہ ایران کی القدس فورس نے شام سے 20 میزائل داغے جنہیں تباہ کر دیا گیا۔ جواب میں اسرائیل نے شام میں موجود ایرانی تنصیبات پر میزائل حملے کیے۔

امریکی خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اسرائیلی عسکری حکام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ شام میں درجنوں ایرانی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں اسلحہ کے گودام ، لاجسٹک سائٹس اوراعلیٰ حکام کے زیر استعمال انٹیلی جنٹس کے  دفاتر شامل ہیں۔

اسرائیلی حکام  نے دعویٰ کیا ہے کہ  حملے میں شام کا ائیرڈیفنس سسٹم بھی متاثر ہوا ہے جبکہ ایران کی جانب سے آنے والے میزائلز سے ان کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شام میں اسرائیلی حملے سے 23 افراد ہلاک ہوئے۔

اسرائیل نے گزشتہ سات سالوں میں شامی سرزمین پر 100 سے زائد حملے کیے ہیں جن کا نشانہ مبینہ ایرانی فوجی اڈے اورعسکری تنظیم حزب اللہ تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں اپیل کی ہے کہ تمام فریقین مل کر ایران اسرئیل کی ممکنہ لڑائی روکیں دوسری جانب سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے خبردارکیا ہے کہ اگر ایران نے ایٹمی ہتھیار بنائے تو ہم  بھی  بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرایران نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی تواس کا احتساب کیا جائے گا۔

سعودی وزیرخارجہ نے الزام لگایا کہ ایران ہوثیوں کوبیلسٹک میزائل فراہم کررہا ہے۔


متعلقہ خبریں