اگر پورا سال مفت گوشت چاہیے تو ویکسین لگوائیں


واشنگٹن: امریکی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ ویکسین لگوانے والے افراد کو پورا سال مفت گوشت فراہم کیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وبا سے محفوظ رہنے کے لیے کورونا ویکسین لگوانے پر زور دیا جا رہا ہے جس کے لیے مختلف ممالک میں لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے ویکسین لگوانے والوں کے لیے اسکیموں کا اعلان بھی کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح اب امریکہ میں ایک گوشت فراہم کرنے والے مشہور کمپنی جے بی ایس ایس اے نے اعلان کیا ہے کہ ویکسین لگوانے والے 50 خاندانوں کو ایک سال تک مفت گوشت فراہم کیا جائے گا۔

واضح ہے کہ یہ وہی کمپنی ہے جس کے اکثر ملازمین کورونا کی وجہ سے بیمار ہوئے تھے جس کی وجہ سے اس کمپنی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ جس کے بعد اس کمپنی کی ذیلی شاخ پلگرمز پرائیڈ کو بھی بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ جس کی وجہ سے گوشت کی فراہمی متاثر ہوئی اور گوشت مہنگا بھی ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک جانے والوں کیلئے خوشخبری، موڈرنا ویکسین کل سے لگے گی

تاہم اب کمپنی نے اعلان کیا کہ اس کے 66 ہزار کارکنوں کی 70 فیصد تعداد کو ویکسین لگادی گئی ہے لیکن ساتھ ہی غریب، دیہی اور پسماندہ علاقوں کے افراد کو بھی ویکسین لگوانے کی ترغیب کے طور پر مفت گوشت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ اس سال چار جولائی کے یومِ آزادی تک امریکہ کی 70 فیصد بالغ آبادی کو کم ازکم ایک خوراک فراہم کردی جائے گی۔ تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ یہ ہدف بظاہرناممکن نظر آرہا ہے۔


متعلقہ خبریں