وزیر اعظم کا سرمایہ کاروں کی رکاوٹوں کے تدارک کی ہدایت


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کے لیے موجود رکاوٹوں کا تدارک کیا جائے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت جیمز، جیولری اور منرلز ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت مخدوم خسرو بختیار اور معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں جیمز، جیولری اور منرلز شعبے کی تشکیل نو اور سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں کہا گیا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی برآمدات کی 5 ارب ڈالر سالانہ کی صلاحیت موجود ہے اور قیمتی پتھروں کی صنعت سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات اور لاکھوں نوکریاں پیدا ہوں گی جبکہ پاکستان میں اس وقت 99 قسم کے قیمتی پتھروں کے ذخائر موجود ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پہلی دفعہ ہم قیمتی پتھر، زیورات اور معدنیات کے شعبے کو برآمدی صنعت بنا رہے ہیں جبکہ معدنیات اور قیمتی پتھر کے شعبے کی جدید ٹیکنالوجی سے تشکیل نو کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آرپار کی باتیں کرنے والے پاؤں پکڑنے پر آ گئے، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ ایسے تمام وسائل جو ضائع ہو رہے ہیں ان کو استعمال میں لایا جائے گا اور لائحہ عمل پر عمل کے لیے شیڈول مرتب کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کے لیے موجود رکاوٹوں کا تدارک کیا جائے۔


متعلقہ خبریں