تاجکستان نے افغانستان سے آنیوالے ایک ہزار شہریوں کو پناہ دے دی

تاجکستان نے افغانستان سے آنیوالے ایک ہزار شہریوں کو پناہ دے دی

کابل: تاجکستان نے پڑوسی ملک افغانستان سے بھاگ کر آنے والے ایک ہزار افغانوں کو اپنے ملک میں پناہ دے دی ہے۔ یہ شہری افغان فوج اور طالبان کے درمیان ہونے والی لڑائی کے دوران جان بچا کر پڑوسی ملک میں داخل ہو گئے تھے۔

افغانستان: لڑائی والے علاقوں میں سینکڑوں کمانڈوز کی آمد، شہریوں کی نقل مکانی

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق تاجکستان کی حکومت نے اس کی تصدیق کردی ہے کہ اس نے افغان شہریوں کو پناہ دی ہے۔

تاجکستان کی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پناہ گزینوں میں اکثریت خواتین، بچوں اور عمر رسیدہ افراد کی ہے جنہیں بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیاہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق تاجکستان کی حکومت آنے والے پناہ گزینوں کو خوراک اور صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقوام متحدہ اور آغا خان ہیلتھ سروسز سے بات چیت کررہے ہیں۔

تاجکستان نے عارضی طور پر افغان فورسز کے سینکڑوں اہلکاروں کو بھی پناہ دی ہوئی ہے جو شمالی علاقوں پر طالبان کے قبضے کے بعد ہمسایہ ملک میں داخل ہوئے تھے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی صوبہ بادغیس کے گورنر حسام الدین شمس نے بتایا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں کئی سرکاری عمارتوں کو طالبان کے قبضے سے چھڑوا لیا گیا ہے۔

پناہ گزینوں کی آمد سنگین خطرہ پیدا کرسکتی ہے، وزیراعظم کی ایرانی صدر سے گفتگو

طالبان نے صوبہ بادغیس کے دارالحکومت قلعہ نو میں پولیس ہیڈ کوارٹر سمیت دیگر سرکاری عمارتوں پر بدھ کی صبح قبضہ کر لیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ طالبان کا مقابلہ کرنے کے لیے فضائی حملوں کے علاوہ اسپیشل فورسزبھی  تعینات کر دی گئی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی نے افغان وزارت دفاع کے ایک اہم عہدیدار کا نام ظاہر کیے بغیراس کے حوالے سے کہا ہے کہ طالبان نے افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے دفتر اور پولیس ہیڈ کوارٹر کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا اور گورنر کے دفتر پر قبضہ کرنے ہی والے تھے کہ اسپیشل فورسز نے انہیں شکست دے دی۔

افغان فوجیوں کا تاجکستان میں داخلہ: صدر کے ہنگامی رابطے، روس نے مدد کی یقین دہانی کرادی

افغانستان کے حکومتی عہدیدار نے تسلیم کیا ہے کہ طالبان شہر کے اندر داخل ہو گئے تھے جس کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے شہر کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا تھا۔


متعلقہ خبریں