25 جولائی کو کشمیری عوام کٹھ پُتلی کو جواب دیں گے، بلاول بھٹو


مظفر آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو کشمیری عوام کٹھ پُتلی کو جواب دیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حویلی آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسا وزیر اعظم نہیں چاہتے جو اسلام آباد میں بیٹھ کر مودی کے جیتنے کی دعائیں مانگے۔ ہم بےنظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے۔

انہوں ںے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کو مشکل وقت میں نہیں چھوڑ سکتی اور آزاد کشمیر میں جیالے وزیر اعظم کا انتخاب کریں گے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دورمیں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں سب سے زیادہ روزگار ملا، غریب کی آواز ایک ہی جماعت ہے اور وہ ہے پیپلز پارٹی۔ ہماری جماعت کبھی کشمیر کا سودا نہیں کر سکتی اور یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ خوشیاں اُن کے ساتھ منائیں اور دُکھ آپ کے ساتھ۔ پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو کبھی پاکستان کا سودا نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عید پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جا سکتے ہیں، اسد عمر

بھارتی وزیر اعظم سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے والی صرف ایک ہی جماعت ہے اور وہ پیپلزپارٹی ہے۔ ہماری بدقسمتی ہے کہ وزیر اعظم نااہل ہیں جو کشمیر پر حملہ ہوا تو کہتے ہیں میں کیا کروں۔ پاکستان کے وزیر اعظم میں کشمیر کے لیے بات کرنے کی ہمت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم تاریخی حملے کے ردعمل میں کہتے ہیں کہ ہم اپنی شاہراہ کو سرینگر کا نام دیتے ہیں۔ ہمارا وزیر اعظم کشمیرکے معاملے میں ناکام رہا ہے جو کشمیری بہن بھائیوں کی امیدوں پر پورا نہیں اترا۔

یہ بھی پڑھیں: عثمان مرزا کیس کو مثال بنایا جائے، وزیراعظم

بلاول بھٹو نے کہا کہ بےنظیر کہتی تھیں جہاں کشمیری کا خون گرے گا وہاں میرا خون گرے گا اور حویلی کے عوام کا ایک ہی نعرہ ہے، کشمیر کا سودا نامنظور۔ 25 جولائی کو کشمیری عوام کٹھ پُتلی کو جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی ڈکٹیشن کے علاوہ کسی کی نہیں مانیں گے جبکہ ہم دہلی اور اسلام آباد کی ڈکٹیشن بالکل نہیں مانتے۔


متعلقہ خبریں