کورونا کی چوتھی لہر آ سکتی ہے، عوام احتیاط کریں: وزیراعظم کی وارننگ


 

وزیراعظم عمران خان نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر آ سکتی ہے لہذا عوام احتیاط کریں۔

کورونا کی صورتحال سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز میں کمی کے بعد پھر اضافہ ہو رہا ہے، کورونا کا ’بھارتی ویرینٹ‘ بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔

انہوں نے اپیل کی کہ عوام عیدالاضحیٰ پر ماسک پہنیں، صورت حال خراب ہوئی تو پابندیاں لگانا پڑیں گی، شادی ہال، ریسٹورنٹ سمیت سب کچھ بند کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وائرس بنگلادیش اور افغانستان پہنچ گیا ہے جب کہ انڈونیشیا کے حالات بھی بہت خراب ہیں تاہم اللہ تعالیٰ کا پاکستان پر ابھی تک خاص کرم ہے۔

کورونا کیسز میں اضافہ: این سی او سی کا تشویش کا اظہار

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مجھے پتہ ہے دنیا میں لوگ ایس او پیز پر عملدرآمد کرکے تھک گئے ہیں، مگر ماسک کے استعمال سے ہم خود کو اور اپنے لوگوں کو بچا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماسک کے استعمال سے کورونا وائرس پھیلنے میں کمی آتی ہے، اس کے استعمال سے ہم اپنے ملک اور معیشت کو بچا سکیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا میں غربت پھیل رہی ہے، اپیل کرتا ہوں کہ تمام شہری کورونا ویکسین لگوائیں، اگر کورونا کی چوتھی لہر سے بچ گئے تو حالات بہتر ہوجائیں گے۔


متعلقہ خبریں