عثمان مرزا پر قانون کی گرفت مزید سخت، چار دن میں تفتیش مکمل کرنے کا حکم


اسلام آباد میں لڑکے اور لڑکی پر تشدد کرنےوالے گرفتار ملزم عثمان مرزا پر قانون کی گرفت مزید سخت ہوگئی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان سے آئی جی اسلام آباد نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نے ہر پہلو سے تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

آئی جی نے بریفنگ میں عمران خان کو بتایا کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلانے کیلئے کیس کی خود نگرانی کررہا ہوں۔ مزید شواہد اکٹھے کرنے کیلئے تمام سائنٹفک وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں لڑکی اور لڑکے پر تشدد کے ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ عدالت نے عثمان مرزا سمیت تین ملزمان کو کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

وکیل عثمان مرزا نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ کون لابی اس کو اٹھا رہی ہے اس میں کچھ لوگ شامل ہیں جو اس کو اچھال رہے ہیں۔

فرحان کا وکیل ملک اخلاق، عثمان کا وکیل میاں ظفر اقبال اور حافظ عطاء الرحمن کے وکیل سفیان اکرم چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔

فرحان اور حافظ عطاء الرحمن کے وکلا نے کہا کہ سوشل میڈیا کو ہم  نے نہیں دیکھنا، پولیس کا ریکارڈ دیکھنا ہے۔ مرکزی ملزم جو کچھ کر رہا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

تمام لوگوں کو ایک ہی سانچے میں نہ رکھا جائے، مرکزی ملزم سے موبائل اور اسلحہ برآمد ہو چکا ہے۔ اس وقت وہ ویڈیو ہی تمام ریکارڈ ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے فرحان اور عطاء الرحمن مرکزی ملزم کو روک رہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں