بلاول امریکہ جائیں، وزیر اعظم 5 سال پورے کریں گے، شیخ رشید


اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ایک نہیں 3 بار امریکہ جائیں لیکن وزیر اعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اب ختم ہو چکی ہے۔ آزاد کشمیر انتخابات کے بعد حزب اختلاف اور حکومت کے تعلقات ٹھیک ہوں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں اور افغانی جو فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قبول ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خود امن کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں مزید 35 اموات

وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت سے 5 اگست کا اقدام واپس لینے تک کوئی بات نہیں ہوگی اور وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا کیس اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں اٹھایا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ آزاد کشمیر انتخابی مہم پر جاؤں گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ نالہ لئی منصوبہ 3 سال میں مکمل ہو گا اور غریب لوگوں کی تقدیر بدلی جائے گی۔ کورونا ویکسی نیشن لگوانے والے افراد کے لیے طورخم بارڈر کھلا ہے۔


متعلقہ خبریں