پاکستان اور آئرلینڈ کا تاریخی ٹیسٹ میچ آج کھیلا جائے گا

فوٹو: فائل


ڈبلن: پاکستان اور آئرلینڈ کا پہلا تاریخی ٹیسٹ میچ  ڈبلن میں آج ( گیارہ مئی)  کھیلا جائے گا جس کے بعد آئرلینڈ  ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والا دنیا کا گیارہواں ملک بن جائے گا۔

آئرلینڈ کے باسیوں کی خواہش ہوگی کہ آنے والے دنوں میں چاہے کچھ  بھی ہو ان کا مقدر نیوزی لینڈ جیسا نہ ہو جسے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے میں 26 برس لگ گئے تھے۔

آئرلینڈ کی ٹیم ون ڈے میں اپ سیٹ کرنے کی ماہر سمجھی جاتی ہے، 2007 میں اس نے کرکٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا تھا اور ورلڈ کپ میں پاکستان کو زیر کر کے  دنیائے کرکٹ میں الگ پہچان بنائی تھی۔

آئرلینڈ نے ون ڈے میں انگلینڈ سمیت کئی بڑی ٹیموں کوشکست دی جس نے اس کے لیے ٹیسٹ اسٹیٹس کے حصول کی منزل آسان بنائی تاہم اپنا پہلا ٹیسٹ میچ جیتنا کسی بھی ٹیم کے لیے کبھی اتنا آسان نہیں رہا، نیوزی لینڈ کو 26 سال اور 45 ٹیسٹ کھیلنے پڑے جبکہ بنگلہ دیش کو زمبابوے کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے کے لیے 34 ٹیسٹ کھیلنے پڑے تھے۔

پاکستان اور آئرلینڈ کا تاریخی ٹیسٹ ملہائیڈ کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا جو آئرلینڈ کا سب سے بڑا کرکٹ گراؤنڈ ہے۔ 2013 میں تعمیر ہونے والے اس میں گراؤنڈ میں ساڑھے گیارہ ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ مَلہائیڈ  کو آئرش دارالحکومت کی اشرافیہ کا علاقہ تصور کیا جاتا ہے اور یہ ڈبلن سے سولہ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔


متعلقہ خبریں