ساڑیاں اور آم بھیجتے وقت کشمیر کا سودا نہیں ہوا ؟ فرخ حبیب


فیصل آباد: وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ ساڑیاں اور آم بھیجتے وقت کشمیر کا سودا نہیں ہوا ؟

وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کل ابو بچاؤ مہم جاری ہے اور یہ ابو بچاؤ مہم این آر او کے لیے ہی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز جو ہر بات میں غلط بیانی سے کام لیتی ہیں وہ کشمیر بچائیں گی ؟ پیپلز پارٹی اور ن لیگ تین تین بار ملک پر حکومت کرچکے ہیں لیکن یہ ملک میں ایک ایسااسپتال نہیں بنا سکے جہاں ان کا علاج ہوسکے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم نواز نے کشمیربچانا ہوتا تو ان کی شادی پرمودی نہ آتا بلکہ ان کی شادیوں پر مودی کے بجائے حریت رہنما آتے۔ بلاول بھٹو اور مریم صفدر ٹیسٹ ٹیوب سیاستدان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورا شریف خاندان مفرور ہے اور یہ ایسے بہروپیے ہیں جہاں جاتے ہیں وہاں کا روپ دھار لیتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ میں لڑا لیکن نوازشریف جب بھارت گئے تو انہوں نے حریت رہنماؤں سے ملاقات سے انکار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا تفتیشی ٹیم پر حراساں کرنے کا الزام

فرخ حبیب نے کہا کہ آج عمران خان کا دور ہے اور مودی خود حریت رہنماؤں کو بلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کارگل کے معاملے پر کلنٹن کے پاؤں پکڑنے پہنچ گئے تھے۔ اگر یہ کشمیری ہوتے تو سب کے سامنے کلبھوشن کا نام لیتے لیکن یہ چاہتے ہیں ملک میں منی لانڈرنگ کا نظام جاری رہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ افغانستان میں امن خطے میں امن سے مشروط ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کی قربانی دے چکے ہیں۔ کیا اس وقت کشمیر کا سودا نہیں ہوا جب یہ مودی کو ساڑھیاں اور آم بھیجتے تھے۔


متعلقہ خبریں