پیپلز پارٹی قطعی طور پر پی ڈی ایم کو چھوڑ چکی، مولانا فضل الرحمان


جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی قطعی طور پر پی ڈی ایم کو چھوڑ چکی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے امریکہ جانے سے متعلق مجھ سے مشورہ نہیں کیا۔ انتظارکے باوجود پیپلزپارٹی کی جانب سےکوئی اشارہ نہیں آیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یوم آزادی پر کراچی میں بہت بڑاجلسہ کریں گے، آزادانہ انتخابات کیلئے ہر پاکستانی کو اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات حکومت کی نااہلی کی وجہ سے گلے شکوؤں تک پہنچ گئے۔ امریکہ کے ساتھ دوستی کا معیار سی پیک کا خاتمہ ہے۔

حکومت کے برقرار رہنے کا کوئی جواز نہیں رہ گیا، مولانا فضل الرحمان

گزشتہ دنوں پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ حکومت کے برقرار رہنے کا کوئی جواز نہیں رہ گیا۔

انہوں نے کہا کہ نااہل لوگوں کو بٹھا کر پارلیمنٹ کی بےتوقیری کی گئی اور ہلڑ بازی کا سلسلہ اب بلوچستان پہنچ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 4 جولائی کو سوات اور 29 جولائی کو کراچی میں بڑا جلسہ کریں گے۔ پی ڈی ایم اب بھی اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پشتون بیلٹ میں مذہب کی جڑیں بہت گہری ہیں اور ان جڑوں کو اکھارنے کے لیے عمران خان کو لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت نئی نسل کو گمراہ کیا گیا ہے اور ایک مادرپدر آزاد معاشرہ تشکیل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں