موجودہ حکومت میں بدعنوان وزرا موجود ہیں، شاہد خاقان عباسی


کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکمران عوام کو بتائیں وہ کیا کر رہے ہیں ؟ موجودہ حکومت میں بدعنوان وزرا موجود ہیں۔

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کراچی کی مقامی عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بےبنیاد الزامات کا سلسلہ جاری ہے اور مجھ سمیت سب کی ضمانتوں کے عدالتی فیصلے موجود ہیں۔ جس میں واضح ہے کہ مقدمات بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں بدعنوان وزرا موجود ہیں جبکہ کتنے ہی وزرا کو ہٹایا تو گیا لیکن ان کے خلاف کوئی کیس فائل نہیں ہوا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کیس میں کرپشن کا الزام نہیں ہے اور خواجہ آصف کے کیس کی ججمنٹ بھی موجود ہے۔ وزرا کہتے تھے کہ کرپشن پر کیسز بنائے ہیں لیکن آج وہی وزرا صفائیاں پیش کرتے نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزرا کے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے کمیشن بنائے جاتے ہیں۔ ہم کھلا چیلنج کر رہے ہیں کہ ہماری کرپشن کو ثابت کریں۔

یہ بھی پڑھیں: بڑی عید کے ساتھ مہنگائی کی بھی آمد

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ملک میں بجلی اور گیس کی کمی کیوں ہے ؟ ذمہ دار کون ہے ؟ حکمران عوام کو بتائیں وہ کر کیا رہے ہیں ؟ قومی سلامتی کے اجلاس میں وزیر اعظم کا ہونا ضروری تھا لیکن وزیر اعظم اجلاس میں شریک نہیں ہوئے یہ ان کی مرضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2018 سے روایت ہے جس جماعت کا وجود نہیں وہ انتخاب جیتی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں ان کے نمائندے نہیں تھے لیکن وہاں بھی جیت گئے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ان کے پاس لوگ ہی نہیں ہیں لیکن اگر آزاد کشمیر کے انتخابات چوری ہوئے تو دنیا کو کیا منہ دکھائیں گے ؟


متعلقہ خبریں