امریکا میں پراسرار بیماری سے پرندوں کی بڑے پیمانے پر اموات


امریکا کے دارالحکومت میں ایک نئی وبا سے پرندوں کی بڑے پیمانے پر اموات ہو رہی ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال اس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

یہ بیماری دارلحکومت سے کم از کم 965 کلومیٹر دورامریکہ کے مڈویسٹ علاقوں میں اور ریاست انڈیانا میں بھی پھیل چکی ہے۔

کینٹکی ڈیپارٹمنٹ آف فش اینڈ وائلڈ لائف ریسورسز کے ماہر کیٹ سلانکارڈ نے  بتایا کہ ہم اس سال غیر معمولی تعداد میں پرندوں کی اموات کا سامنا کر رہے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے پراسرار طور پر پرندوں کی ہلاکتوں کے بارے میں جون میں ایک رپورٹ شائع کی تھی۔

جانوروں کے تحفظ اور بحالی کے لئے کام کرنے والی اہلکار مونسما کا کہنا ہے کہ ہمیں نہیں معلوم تھا کہ ہم ایک وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ماہرین یہ پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وبا کی ابتداء کہاں سے ہوئی۔

ان کا خیال ہے کہ پرندوں کی مختلف اقسام تقریبا دو مہینوں سے اس بیماری کا سامنا کر رہی ہیں۔

پرندوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مردہ یا بیمار پرندوں کی آنکھیں سوجی ہوتی ہیں اور انہیں اعصابی توازن کا بھی مسئلہ ہوتا ہے۔

کینٹکی اورواشنگٹن کے علاوہ اوہائیو، انڈیانا، میری لینڈ، ورجینیا اور مغربی ورجینیا میں بھی اسی طرح کی ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے۔

جانوروں کی دیکھ بھال کے مراکز پرندوں کی بیماری کی ممکنہ وجہ معلوم کر رہے ہیں  لیکن اب تک کوئی تسسلی بخش نتائج نہیں ملے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم اس امکان کو رد نہیں کر سکتے کہ یہ بیماری انسانوں میں بھی پھیل سکتی ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں