صاف پانی کمپنی کرپشن کیس، نیب نے حمزہ شہباز کو طلب کر لیا


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کو طلب کرلیا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حمزہ شہباز کو صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ نیب لاہور نے حمزہ شہباز کو 18 مئی کو پیش ہونے کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔

بدھ کے روز نیب لاہور نے  وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں 4 جون کو طلب کیا تھا۔ نیب حکام کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے صاف پانی کمپنی کیس کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو نیب کی جانب سے سوالنامہ بھی بھجوایا جا چکا ہے۔

نیب لاہور صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں 4 اعلیٰ افسران ناصر قادر بھدل، ڈاکٹر ظہیر الدین، محمد سلیم اور محمد مسعود اختر کو پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔

11 فروری 2018 کو سپریم کورٹ میں صاف پانی ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عدالت میں پیش ہوکر یقین دہانی کرائی تھی کہ تین ہفتوں میں صاف پانی کی فراہمی اور واٹر ٹریٹمنٹ کا منصوبہ پیش کردیں گے۔


متعلقہ خبریں