پانی کی عدم فراہمی کا ذمہ دار کے الیکٹرک ہے، ایم ڈی واٹر بورڈ

پانی کی عدم فراہمی کا ذمہ دار کے الیکٹرک ہے، ایم ڈی واٹر بورڈ

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ  کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اسد اللہ خان نے کے الیکٹرک کو شہر قائد میں پانی کی عدم فراہمی کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر10 سے 12 جولائی کے درمیان 4 بریک ڈاوَن ہوئے۔ بجلی معطل ہونے سے 72 انچ کی 3 سپلائی پائپ لائنوں کو نقصان پہنچا۔

ایم ڈی واٹر بورڈ کے مطابق پہلا بریک ڈاوَن 10 جولائی کی رات 10 بجکر35 منٹ پرہوا۔ دوسرا بریک ڈاوَن 11 جولائی کی رات 2 بجکر45 منٹ پر ہوا۔ تیسرا اور چوتھا بریک ڈاؤن 12 جولائی صبح 5 بجکر50 منٹ اور 9 بجکر55 منٹ پر ہوا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پانی کا بحران

اسد اللہ خان نے کہا کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 21 واٹر پمپس کو بند کرنا پڑا۔ پمپنگ اسٹیشن بند ہونے سے کراچی کو یومیہ 177 ملین گیلن پانی فراہم نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ لائنز کی مرمت کے بعد بھی شہر کو پانی کی فراہمی کے لیے 72 گھنٹے کا وقت درکار ہوگا۔ کے الیکٹرک حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا ہے لیکن اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

ہم نیوز کی جانب سے کے الیکٹرک حکام سے موقف لینے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔

 


متعلقہ خبریں