طالبان نے افغانستان کی طرف باب دوستی پرسفید پرچم لہرا دیا


افغانستان کے طول و عرض میں طالبان جنگجو تیزی سے پیش قدمی کر رہے ہیں۔ طالبان نے پاکستان اورافغانستان کے درمیان سپین بولدک مرکزی شاہراہ کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

ترجمان طالبان نے بتایا کہ افغانستان کی طرف باب دوستی پر سفید پرچم لہرا دیا گیا ہے۔

افغانستان کے محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ قندھارشاہراہ پرطالبان نے کنٹرول کرلیا ہے اور آمدورفت معطل ہے۔

پاکستان کی جانب سے لیویز حکام کا کہنا ہے کہ باب دوستی ہرقسم کی آمدورفت کےلیےبند ہے اور تجارت معطل ہے۔

باب دوستی پراضافی سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے اورپاک افغان بارڈر پرہائی الرٹ ہے۔

لیویزحکام کا کہنا ہے کہ باب دوستی سےآمدورفت وتجارت بحالی کےلیےطالبان سے رابطہ ہے۔ سرحد پار افغانستان کی تمام چوکیوں پرطالبان کا قبضہ ہے۔

پاکستان کی طرف سے لیویز حکام نے بتایا کہ افغان تجارتی مرکز ویش منڈی میں چمن کے شہریوں کی املاک محفوظ ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل طالبان نے ایران کی سرحد سے متصل ایک اہم سرحدی راستے ’اسلام قلعہ‘ پر قبضہ کر لیا تھا۔

’اسلام قلعہ‘ افغانستان کی سرحد پر ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ تجارت اور آمد و رفت کا سب سے بڑا راستہ ہے۔ اس راستے کے ذریعے ہونے والی تجارت سے افغان حکومت کو دو کروڑ ڈالر کی آمدن ہوتی ہے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کے چار سو سے زیادہ اضلاع میں سے ایک تہائی طالبان کے کنٹرول میں ہیں۔ جنوب میں ایران کی سرحد سے لے کر شمال میں چین کی سرحد سے متصل اضلاع بھی طالبان کے کنٹرول میں ہیں۔


متعلقہ خبریں