40 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالنے کا پلان تیار

فائل فوٹو


اسلام آباد: حکومت نے 40 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالنے کا پلان تیار کر لیا۔

حکومت نے کامیاب پاکستان پروگرام 29 جولائی سے لانچ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ جس کی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی۔ معاون خصوصی عثمان ڈار کو تیاریوں کا ٹاسک دے دیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی۔ اس موقع پر شوکت ترین نے کہا کہ وزیر اعظم نے عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے اور ملکی سطح پر کامیاب پاکستان پروگرام 29 جولائی سے لانچ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ منصوبے، اسکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرض پروگرام کا حصہ ہوں گے جبکہ ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات بھی کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ

اس موقع پر عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے لیے اربوں روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور 5 لاکھ روپے تک بغیر سود قرضہ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب کسان پروگرام کے تحت کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کے لیے رقم ملے گی جبکہ حکومت ہر خاندان میں سے ایک فرد کو ٹیکنیکل کی تعلیم بھی دے گی۔


متعلقہ خبریں