پاکستان میں کورونا کی بھارتی قسم پھیلنے سے متعلق اسد عمر کی پیشگی تنبیہ


نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان میں کورونا کی بھارتی قسم پھیلنے کا خدشہ ہے، کورونا کی بھارتی قسم تیزی سے پھیلتی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ کورونا ویکسین لگوائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں 18 سال سے زائد عمر کے ساڑھے 12 کروڑ سے زائد لوگ ہیں۔ پاکستان میں ویکسی نیشن کرانے والوں کی تعداد انتہائی قلیل ہے۔ پاکستان میں 2 کروڑ 21 لاکھ ویکسین کی خوراکیں لگ چکی ہیں۔ ویکسین نہ لگوانے والے 333 افراد میں سے ایک شخص کو کورونا ہوا۔

اسد عمر نے کہا کہ ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے والے 1250 لوگوں میں صرف ایک شخص کو کورونا ہوا۔ آپ نے ویکسین نہیں لگوائی تو آپ کو 4گنا زیادہ خطرہ ہے۔ سائنسدان فلسفے کی بنیاد پر نہیں حقائق کی بنیاد پر خبردار کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا سے مزید 31 اموات، مثبت کیسز کی شرح 6.17 فیصد ہوگئی

انہوں نے کہا کہ شہری عید کی چھٹیوں میں تفریحی مقامات کی طرف نہ جائیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ روزانہ اڑھائی ہزار کے قریب نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ قومی سطح پر کورونا پھیلنے کی شرح 6 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کورونا پھیلنے کی شرح 20 فیصد ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں 1900 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ بھارتی ڈیلٹا پھیلنے کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ویکسین نہ لگوانے والوں میں کورونا کے حملے کا خطرہ 7 گنا زیادہ ہے۔


متعلقہ خبریں