وزیر مملکت فرخ حبیب کا حزب اختلاف کو چیلنج


فیصل آباد: وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کا چیلنج کرتا ہوں بتائے کون سے پٹرولیم ٹیکسز میں اضافہ کیا ہے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے فیصل آباد  میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی 11 روپے کی سمری آئی تھی تاہم حکومت ٹیکس آمدن کا نقصان اٹھا کر عام آدمی پر کم بوجھ ڈالنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا ہے لیکن حکومت پیٹرولیم لیویز کو کم کر رہی ہے۔ حزب اختلاف کو چیلنج کرتا ہوں بتائے کون سے پٹرولیم ٹیکسز میں اضافہ کیا گیا ہے۔ یہاں حزب اختلاف کے ٹیکس بڑھانے کے پروپیگنڈے کی نفی ہوتی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر بےبنیاد باتیں کرتی ہیں۔ ان کے والد لندن میں ہیں لیکن انہوں نے فوٹوشاپ کے ذریعے آزاد کشمیر پہنچا دیا۔ کشمیر کی بیٹی مودی کے خلاف کیوں بات کرنے سے گریزاں ہیں ؟

انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کی زبان پر آر ایس ایس کا نام کیوں نہیں آتا ؟ مریم صفدر نے حریت رہنماؤں کا آج تک ذکر نہیں کیا وہ پابند سلاسل ہیں مریم صفدر کیوں مذمت نہیں کرتیں ؟ وہ کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کیوں نہیں کرتیں ؟

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، ازبکستان کے تعلقات کا پرجوش آغاز ہو رہا ہے، وزیر اعظم

وزیر مملکت نے کہا کہ نواز شریف دور میں مسئلہ کشمیر کو اہمیت نہیں دی گئی لیکن وزیر اعظم نے بھارتی میڈیا سے بھارتی آر ایس ایس نظریے کی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کا پورا خاندان ہی لندن میں بھگوڑا ہے اور پاکستان آنے کو تیار نہیں ہے۔ یہاں چچا بھتیجی کی لڑائی ہے کہ کون بنے گا قائد حزب اختلاف۔


متعلقہ خبریں