الیکشن چوری کرنے والے کو کشمیری چھوڑیں گے نہیں، مریم نواز


مظفر آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن چوری کیا تو کشمیری تمھیں چھوڑیں گے نہیں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز نے اسلام گڑھ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر نے انتخابات سے پہلے ن لیگ کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔ نواز شریف کی آوازیں پورے کشمیر میں گھوم رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ 2018 نہیں ہے جس میں آپ نے آر ٹی ایس رکوا دیا تھا اور اگر تم نے کشمیر کا الیکشن چوری کیا تو کشمیری تمہیں چھوڑیں گے نہیں۔ مسلم لیگ ن 2018 والی نہیں رہی بلکہ اب یہ ووٹ چوروں کو پکڑنے والی جماعت ہے۔ ن لیگ کی انتخابی مہم مخالفین کو نظر آرہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے تمام مخالف جماعتوں کی دوڑیں لگوا دی ہیں۔ آج عمران خان کشمیر آرہے ہیں اور وہ اپنی انتخابی مہم باغ سے شروع کریں گے۔ عمران خان اے ٹی ایم کے علاقے سے انتخابی مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں مسلم لیگ ن نے دھند میں بھی چوری شدہ انتخاب جیت لیا اب کشمیر کا مقدمہ ہار کر کہتے ہیں کہ 2 منٹ کی خاموشی اختیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر مملکت فرخ حبیب کا حزب اختلاف کو چیلنج

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف دور میں چین پیسے لا کر منصوبے لگانا چاہتا تھا اور سی پیک نواز شریف کے دور میں ترقی کر رہا تھا جبکہ نواز شریف چاہتے تھے کہ آزاد کشمیر میں بھی موٹروے بنے۔

انہوں نے کہا کہ مان لیں نواز شریف آپ سب کےاستاد ہیں۔ یہ نواز شریف دور میں کہا کرتے تھے کہ موٹرویز اور سڑکیں بنانے سے ترقی نہیں ہوتی لیکن آج عمران خان نواز شریف کے بنائے منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ گھات لگائے ووٹ چوروں کو تنبیہ کرتی ہوں کہ اگر ن لیگ کو روکنے کی کوشش کی تو یاد رکھنا تمھارے ساتھ برا ہو گا۔


متعلقہ خبریں