اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایک بار پھر سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی لگا دی۔
پی ٹی اے کے مطابق ایپ پر نامناسب مواد کی مسلسل موجودگی کے سبب پابندی لگائی گئی ہے۔ انتظامیہ نے مطلع کیے جانے کے باوجود مواد ہٹانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے۔
پریس ریلیز : پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی متعلقہ دفعات کی روشنی میں پی ٹی اے نے ملک میں ٹِک ٹاک ایپ اور ویب سائٹ تک رسائی کو بلاک کردیا ہے۔ یہ کارروائی پلیٹ فارم پر نامناسب مواد کی مستقل موجودگی اور پلیٹ فارم کے ایسے مواد کو روکنے میں ناکامی کی وجہ سے کی گئی ہے.
— PTA (@PTAofficialpk) July 21, 2021
یہ بھی پڑھیں: افغان سفیر کی بیٹی اغوا نہیں لاپتہ ہوئی تھی، شیخ رشید
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ٹک ٹاک پر ایک سے زائد مرتبہ پابندی لگائی جاتی رہی ہے جسے بعد میں ہٹا دیا گیا تھا۔
تیس جون کو مختصر ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے والے عالمی پلیٹ فارم، ٹک ٹاک نے اپنی سہ ماہی ٹرانسپیرنسی رپورٹ جاری کی تھی، جس کے مطابق پاکستان دوسری بڑی مارکیٹ ہے جہاں ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز، ٹرمز آف سروس کی خلاف ورزی کرنے والی اور کووِڈ19-کے بارے میں گمراہ کن معلومات پھیلانے والی ویڈیوز ہٹائی گئیں۔
یاد رہے کہ 16 جولائی کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹک ٹاک کی دنیا میں قدم رکھا، جس کی تصدیق اُن کے ترجمان نے خود کی،ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صدر پاکستان اب ٹک ٹاک پر موجود ہوں گے، جہاں اُن کے مثبت اور حوصلہ افزائی سے متعلق پیغامات شیئر کیے جائیں گے۔