بوسیدہ کاغذ 37 کروڑ 80 لاکھ روپے میں نیلام

بوسیدہ کاغذ 37 کروڑ 80 لاکھ روپے میں نیلام

لندن: 300 سال پرانا بوسیدہ کاغذ ساڑھے 23 لاکھ ڈالر میں نیلام ہو گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ کے مشہور نیلام گھر ’’کرسٹیز‘‘ نے 300 سال پرانا ایک بوسیدہ کاغذ ریکارڈ 23 لاکھ 50 ہزار ڈالر (تقریباً 37 کروڑ 80 لاکھ پاکستانی روپے) میں نیلام کیا ہے جس پر کٹی پھٹی تحریر موجود تھی۔

بوسیدہ کاغذ پر موجود تحریر کسی عام شخص کی نہیں بلکہ سائنس کی تاریخ ساز ہستی سر آئزک نیوٹن کی ہے۔

اس تحریر کے خاص الخاص ہونے کی ایک وجہ اور بھی ہے: اس میں نیوٹن نے اپنی معرکۃ الآراء کتاب ’’پرنسپیا میتھمیٹیکا‘‘ کے پہلے ایڈیشن میں کچھ ترامیم کرنے کےلیے اپنی ہی تحریر میں کاٹ پیٹ کی ہے۔ علاوہ ازیں، کاغذ کے اس ٹکڑے پر نیوٹن کے اپنے دستخط بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ نیوٹن کو کلاسیکی طبیعیات (کلاسیکل فزکس) کا بانی قرار دیا جاتا ہے۔

نہ صرف کلاسیکل فزکس بلکہ نیوٹن کے قوانینِ ثقل (لاز آف گریوی ٹیشن) بھی آج تک معمولی ترمیم کے ساتھ دنیا بھر میں استعمال ہورہے ہیں۔

لگ بھگ 220 ملی میٹر لمبے اور 189 ملی میٹر چوڑے (رجسٹر پیپر سائز) کاغذ پر لکھی گئی یہ تحریر صرف ڈیڑھ صفحات پر مشتمل ہے جو ایک ہی ورق کے دونوں طرف لکھے گئے ہیں۔ اس تحریر میں نیوٹن نے ’’پرنسپیا‘‘ کے پہلے ایڈیشن میں کئی تبدیلیاں تجویز کی ہیں۔


متعلقہ خبریں