آزاد کشمیر انتخابات کا دنگل کل ہوگا، 12 حلقوں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع


مظفر آباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے جاری مہم آج اختتام پزیر ہوگئی اور انتخابات کل ہوں گے۔ آزاد کشمیر میں آج پولنگ کا سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔

آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں 7 سو سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ 32 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ 45 حلقوں میں سے 12 حلقوں میں کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔

آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں دارالحکومت مظفرآباد کی نشست حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد 3 پر 2011 اور 2016 میں مسلسل دو مرتبہ منتخب ہونے والے مسلم لیگ ن کے امیدوار بیرسٹر افتخار علی گیلانی کا مقابلہ سینئر ترین پارلیمینٹیرین خواجہ فاروق سے ہے۔

حلقہ ایل اے 31 مظفرآباد 5 میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کا مقابلہ مسلم کانفرنس کے راجہ ثاقب مجید سے ہے جبکہ حلقہ ایل اے 32 میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرخان اپنے آبائی حلقے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ اشفاق ظفر سے مدمقابل ہیں۔

وادی لیپہ کی نشست حلقہ ایل اے 33 سے بھی راجہ فاروق حیدر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جہاں ان کے مقابل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دیوان علی خان ہوں گے۔

سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر اور مسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق احمد خان حلقہ ایل اے 14 میں پی ٹی آئی کے امیدوار میجر ریٹائرڈ لطیف خلیق کے مابین سخت مقابلے کا امکان ہے۔

حلقہ ایل اے 15 میں پی ٹی آئی کے امیدوار سردار تنویر الیاس کے مد مقابل مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس اور مسلم کانفرنس کے راجہ یاسین ہیں، تنویر الیاس کا نام آزاد کشمیر کے اگلے وزیراعظم کے طور پر بھی لیا جا رہا ہے لہٰذا یہاں بھی مقابلہ کانٹ دار ہونے کا امکان ہے۔

حلقہ ایل اے 16 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار قمرالزمان تحریک انصاف کے سردار میر اکبر کے مد مقابل ہیں۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت بن رہی ہے، مظفرآباد میں تیر چلے گا: بلاول

حلقہ ایل اے 17 پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور اور مسلم لیگ ن کے چوہدری عزیز میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

سابق وزیر اعظم اور سابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے جو 2 انتخابی حلقوں سے امیدوار ہیں۔ حلقہ ایل اے 20 میں وہ مضبوط امیدوار تصور کیے جارہے ہیں تاہم حلقہ ایل اے 21 میں ان کا مقابلہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار حسن ابراہیم کے ساتھ ہے جو آزاد کشمیر کے پہلے صدر سردار ابراہیم کے پوتے ہیں۔

آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین بھی 2 نشستوں سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں، حلقہ ایل اے 10 میں مسلم کانفرنس کے امیدوار فاروق سکندر اور ایل اے 12 میں راجہ ریاست ان کے مدمقابل ہوں گے، فاروق سکندر سابق وزیر اعظم سردار سکندر حیات خان کے فرزند ہیں۔

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم تحریک انصاف کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری حلقہ ایل اے 3 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محمد سعید سے مقابلے میں ہیں جبکہ حلقہ ایل اے 7 میں مسلم لیگ ن کے چوہدری طارق فاروق اور تحریک انصاف کے انوارالحق میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

حلقہ ایل اے 25 اپر نیلم میں موجودہ اسپیکر اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے شاہ غلام قادر پاکستان تحریک انصاف کے بزرگ امیدوار حاجی گل خنداں مد مقابل ہیں۔


متعلقہ خبریں