کورونا وائرس، حکومت سندھ سے 15 دن کے لاک ڈاؤن کی سفارش

کورونا وائرس، حکومت سندھ سے 15 دن کے لاک ڈاؤن کی سفارش

کراچی: محکمہ صحت نے حکومت سندھ کو 15 دن کے لاک ڈاؤن کی سفارش کر دی۔

ذرائع صوبائی ٹاسک فورس کے مطابق کراچی میں کورونا کیسز کی شرح 30 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے جس کے بعد طبی ماہرین اورمحکمہ صحت کی جانب سے حکومت سندھ سے 15 دن کے لاک ڈاؤن کی سفارش کر دی گئی۔

حکومت سندھ نے مکمل لاک ڈاؤن لگانے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) سے رابطہ کر لیا۔ صوبے میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے اہم فیصلے جمعہ کے اجلاس میں متوقع ہیں۔

جمعہ کو کورونا صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے جس میں ڈیلٹا کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 44 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ملک میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 131 ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے مزید 44 افراد جاں بحق

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 52 ہزار 291 ٹیسٹ کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.8 فیصد رہی۔


متعلقہ خبریں