لاڑکانہ: یکم اگست کا دلچسپ اتفاق، خاندان گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل

لاڑکانہ: یکم اگست کا دلچسپ اتفاق، خاندان گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل

لاڑکانہ: سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے رہائشی خاندان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا۔

لاڑکانہ کے رہائشی خاندان کا تعلق یکم اگست سے جڑا ہوا ہے۔ جن کی تاریخ پیدائش بھی یکم اگست، شادی کی تاریخ بھی یکم اگست، سات بچوں کی تاریخ پیدائش بھی یکم اگست ہے۔

لاڑکانہ کے رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے اسکول ٹیچر امیر آزاد منگی اپنے خاندان سمیت یکم اگست کے منفرد اور دلچسپ اتفاق کے باعث گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بن چکے ہیں۔

امیر آزاد منگی اور ان کی اہلیہ کی نہ صرف تاریخ پیدائش یکم اگست ہے بلکہ ان کی شادی کی تاریخ سمیت 7 بچوں کی تاریخ پیدائش بھی یکم اگست ہی ہے۔

 امیر آزاد منگی کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی سے منسلک ہر خوشی کا پل ایک اور آٹھ کے ہندسے سے جڑا ہے یہاں تک کہ انہوں نے 31 سال قبل بطور ٹیچر اپنی نوکری کا آغاز بھی یکم اگست کو کیا تھا۔

ہر سال یکم اگست کو والد، والدہ اور بچوں سمیت اکٹھی سالگرہ منانے والے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ٹیم نے ڈھائی سال کی طویل تحقیقات اور مکمل دستاویزی تصدیق کے بعد سرٹیفیکیٹ اور ایوارڈ جاری کیا جس پر اہلخانہ خوش ہیں۔

دوسروں کا مستقبل روشن کرنے والے گورنمنٹ ٹیچر امیر آزاد منگی خود معاشی مسائل کی تاریکیوں میں گھرے ہیں۔ کہتے ہیں کہ ان کی زندگی میں ہندسے خوشیوں سے منسلک ہیں، شاید کوئی یکم اگست ایسی بھی آ جائے جو خوشحالی کا پیغام لائے۔


متعلقہ خبریں