پاکستانی ڈاکٹر اہلخانہ سمیت خالی بوئنگ طیارے پر امارات پہنچ گئے

پاکستانی ڈاکٹر اہلخانہ سمیت خالی بوئنگ طیارے پر امارات پہنچ گئے

دبئی: پاکستانی ڈاکٹر اپنے اہلخانہ سمیت خالی بوئنگ طیارے 777 پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستانی ڈاکٹر سید نادر کے لیے 10 سال کا گولڈن ویزہ بہت بڑی سہولت کا باعث بن گیا۔ ڈاکٹر سید نادر فضائی سفر پر پابندی کے باوجود بوئنگ 777 طیارے میں اپنے اہلخانہ جس میں ان کی اہلیہ اور تین بچے شامل ہیں کے ہمراہ امارات پہنچے۔

3 سو سیٹوں والے بوئنگ طیارے میں ڈاکٹر سید نادر کے علاوہ تین اور افراد سوار تھے۔

ڈاکٹر سید نادر دبئی کے ایڈم وائٹل اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر اور انٹرنل میڈیشن کے سربراہ ہیں جنہیں اپنی والدہ کے اچانک بیمار ہونے پر گزشتہ ماہ کراچی آنا پڑا۔ ڈاکٹر سید نادر کو والدہ کی بائی پاس سرجری ہونے کے بعد فوری دبئی واپس لوٹنا تھا۔

ڈاکٹر سید نادر کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب فضائی سفر پر پابندی ہے مجھے گولڈن ویزہ کی بدولت ہی یہ اعتماد تھا کہ والدہ کی عیادت کے بعد واپسی ممکن ہو سکے گی۔ اس وقت میرے کئی ڈاکٹر دوست سفری پابندیوں کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مصر: اخوان المسلمین کے 24 کارکنوں کو سزائے موت

ان کا کہنا تھا کہ مجھے ڈر تھا کہ کہیں میں اور میرے اہلخانہ سفری پابندیوں کی وجہ سے پاکستان میں نہ پھنس جائیں تاہم والدہ کے آپریشن کی وجہ سے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا جو ہمارے لیے پریشانی کا باعث نہیں بنا۔

واضح رہے کہ پاکستانی پروازوں کی متحدہ عرب امارات آمد پر پابندی عائد ہے۔


متعلقہ خبریں