کشمیر پریمیئر لیگ کیخلاف بھارتی سازشیں بے نقاب


اسلام آباد: کشمیر پریمیئر لیگ کے خلاف بھارتی سازشیں بے نقاب ہو گئیں۔

کھیلوں میں بھی سیاست کی بھارتی روایت برقرار ہے اور بھارت کھیل میں بھی پاکستان کی مخالفت سے باز نہ آیا۔ بھارت کشمیر پریمیئر لیگ کو ناکام بنانے کے اوچھے ہتھکنڈے پر اتر آیا۔

ساؤتھ افریقہ کے گبز، سری لنکا کے دلشان اور انگلینڈ کے مونٹی پنیسار سمیت مختلف بین الاقوامی کھلاڑی KPL کے لیے منتخب کیے گئے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ ان کھلاڑیوں کو دھمکی دے رہا ہے کہ اگر انھوں نے KPL میں شرکت کی تو پھر مستقبل میں بھارت میں ان کا داخلہ بند کر دیا جائے گا۔

انڈین کرکٹ بورڈ کے CEO نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو بھی اپنے کھلاڑیوں کو KPL سے باز رکھنے کا کہا ہے۔

6 سے16 اگست تک ہونے والی KPL میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت کے راستے میں بھارتی بورڈ روڑے اٹکا رہا ہے۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑی ہرشل گبز بھارتی بورڈ کی سیاسی چالوں پر برس پڑے۔

ساوتھ افریقین کرکٹر ہرشل گبز نے بھارتی سازشوں کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا کھیل میں سیاسی ایجنڈا لانا غیر ضروری ہے۔ بھارتی بورڈ نے مجھے کشمیر پریمیر لیگ میں شرکت سے روکنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے دھمکی دی گئی کہ آئندہ بھارت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت نے کرکٹ کو اپنی مذموم سیاست کے بھینٹ چڑھایا ہو۔ ہرشل گبز پر کشمیر لیگ میں حصہ نہ لینے کا دباؤ پرانی روش کا تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مودی سرکار کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں جبکہ کشمیر کی جدوجہد کو ایسے اقدامات سے نقصان نہیں فائدہ ہی ہو گا۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کی زندگیاں عذاب بنانے والے بھارت کو آزاد کشمیر میں کشمیریوں کی رونقیں کانٹے کی طرح چب رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں