سندھ حکومت نے ڈبل سواری پر پابندی ختم کر دی


کراچی: سندھ حکومت نے ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس میں ڈبل سواری پر سے پابندی اٹھانے کا اعلان کیا جس پر لاک ڈاؤن کی وجہ سے پابندی لگائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عملے کی مکمل ویکسی نیشن والے اداروں کو بھی کھول دیا جائے گا تاہم کوئی ادارہ جو ایس او پیز کی خلاف ورزی کرے گا اسے سیل کر دیا جائے گا۔ ہم سب کو کورونا وبا کا مل کر مقابلہ کرنا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ سندھ ٹاسک فورس نے کچھ اہم فیصلے کیے ہیں اور قوم کو پیغام دیا ہے کہ کورونا صورتحال تشویشناک ہے جبکہ وفاقی وزیر اسد عمر نے سندھ حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کا کہا ہے اور وفاق نے کہیں پر یہ نہیں کہا کہ آپ لاک ڈاون نہ لگائیں۔

انہوں ںے کہا کہ ویکسی نیشن سینٹرز تک ٹرانسپورٹ کو جانے کی اجازت دے رہے ہیں۔ اسٹاک ایکسچینج اور ائرپورٹ سے متعلق پہلے ہی سندھ حکومت کلیئر کر چکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا میں کورونا کی نئی لہر بھارتی نااہلی سے پھیلی، فواد چوہدری

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لوگوں کو قائل نہیں کر سکتے ہیں تو خدارا انتشار تو نہ پھیلائیں۔ جب وزیر اعلیٰ پنجاب عثما ن بزدار نے لاہور میں لاک ڈاؤن لگایا تو کیا ہم نے اعتراض کیا ؟ اسلام آباد میں بیٹھنے والے کراچی کے زمینی حقائق کو نہیں سمجھ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کراچی میں براہ راست معلومات مل رہی ہیں اور یہ معیشت کا معاملہ نہیں صحت کا مسئلہ ہے۔ کراچی میں کورونا کیسز میں 5 گنا اضافہ ہوا ہے۔ اب جولوگ ویکسین نہیں لگوائیں گے ان کی سم بلاک کر دی جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ 24 گھنٹے میں سندھ حکومت نے ایک لاکھ 85 ہزار 46 لوگوں ویکسین لگوائی جبکہ آج بھی ویکسی نیشن سینٹرز پر لوگ جوق درجوق آرہے ہیں۔


متعلقہ خبریں