محرم الحرام: امن وامان برقرار رکھنے کیلئےتمام علما کا اتفاق


پاکستان کی تمام مذہبی جماعتوں اور علما و مشائخ نے محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کیلئے ضابطہ اخلاق پر اتفاق کیا ہے۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی کی زیر صدارت اجلاس کے بعد 14نکاتی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق فرقہ ورانہ منافرت اور طاقت کے زور پر اپنے نظریات مسلط کرنا شریعت کے منافی ہے۔

انبیاء کرام، اصحاب رسولﷺ،ازواج مطہرات اور اہل بیت اطہار کا تقدس ملحوظ رکھنا فریضہ ہے۔ تمام مسالک کے علما و مشائخ اور مفتیان پاکستان انتہا پسندانہ سوچ اور شدت پسندی کو مکمل مسترد کرتے ہیں۔

ایک دوسرے کیخلاف بدزبانی،اشتعال انگیزی اور اپنے نظریات کو دوسروں پرمسلط کرنا جرم ہے۔ دینی شعائر اور نعروں کا نجی عسکری مقاصد اور مسلح طاقت کے حصول کیلئے استعمال کرنا درست نہیں۔

اعلامیہ کے مطابق تما م غیر مسلم شہریوں کو اپنی عبادت گاہوں میں عبادت کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ جو غیر مسلم اسلامی ریاست میں امن کے ساتھ رہتے ہیں انہیں قتل کرنا جائز نہیں۔

جو آئین اور قوانین کی خلاف ورزی کریں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ان کو قانون کے مطابق سزا دے۔ اسلام کی رو سے خواتین کا احترام اور ان کے حقوق کی پاس داری کرنا سب کیلئے ضروری ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  خواتین کو وراثت میں حق دینا اور خواتین کی تعلیم کا حکم شریعت اسلامیہ نے دیا ہے۔ پاکستان کیخلاف مسلح بغاوت میں شرکت یا اس کی کسی بھی طرح مدد شرعی طورپر درست نہیں۔ حکومت یا مسلح افواج کیخلاف مسلح کارروائیاں بغاوت کے زمرے میں آتی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں