بھارتی دباؤ مسترد، بین الاقوامی کھلاڑیوں کا کے پی ایل میں شرکت کا فیصلہ

کے پی ایل کا فائنل آج کھیلا جائے گا

اسلام آباد: بھارت کو سفارتی محاذ پر ایک اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ بین الاقوامی کھلاڑی کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کریں گے۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کو کشمیر پریمئیر لیگ (کے پی ایل) پر واضح جواب دے دیا ہے جو سفارتی محاذ پر بھارت کی ایک اور ناکامی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سازشوں کے باوجود کشمیر پریمئیر لیگ اپنے شیڈول کے مطابق ہو گی۔ کے پی ایل کشمیری نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

شہریار خان آفریدی نے کہا کہ عالمی کھلاڑی ہرشل گبز اور تلکرتنے دلشان کے پی ایل میں حصہ لینے کے لیے کل پاکستان پہنچیں گے. دونوں کھلاڑیوں، ان کے کرکٹ بورڈز اور حکومتوں کو کرکٹ کو سپورٹ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ہی فخر زمان، شاداب خان، عثمان قادر، امام الحق اور محمد حسنین کو کشمیر پریمئیر لیگ کھیلنے کے لیے این او سی جاری کر دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر پریمیئر لیگ سے بھارت خوفزدہ، آئی سی سی سے رابطہ کر لیا

چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ بھارتی حکومت سے درخواست ہے کھیل کو سیاست سے الگ رکھے۔ کھیل عوام کو جوڑتے ہیں جبکہ نفرتیں لوگوں کو توڑتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور بی سی سی آئی سے گذارش ہے کہ کرکٹ جینٹلمین گیم ہے۔ اسے اپنی گندی سیاست سے آلودہ نہ کریں۔

خیال رہے کہ کشمیر پریمیئرلیگ کا آغاز6 اگست سے2021 سے ہو رہا ہے۔ لیگ کے میچز آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

لیگ میں مجموعی طور پر 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں مظفر آباد ٹائیگرز ،میرپور رائلز، راولاکوٹ ہاکس، کوٹلی پینتھرز، باغ اسٹالینز اور اوور سیز واریئرز شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں