شوہر کی گرفتاری کے بعد شلپا شیٹھی کا پہلا بیان سامنے آ گیا

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ شلپا شیٹھی کا فحش فلموں کے الزام میں شوہر راج کندرا کی گرفتاری کے بعد پہلا بیان سامنے آ گیا۔ 

ویڈیو اینڈ فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ نے اپنا بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ چند دن ہمارے لیے بہت مشکل رہے، اس دوران ہمیں افواہوں اور الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔


اداکارہ نے لکھا کہ میڈیا اور میرے چاہنے والوں سمیت کافی لوگوں نے مجھے اور میرے خاندان کو ٹرولنگ کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس سے متعلق میرا کوئی بھی مؤقف سامنے نہیں آیا اور میں اس معاملے میں کوئی تبصرہ کرنے سے گریز ہی کروں گی کیونکہ یہ کیس ابھی عدالت میں چل رہا ہے۔

راج کندرا کیس کے پس منظر میں شلپا شیھٹی پر تنقید

شلپا نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ جھوٹے بیانات کو ان سے منسوب کرنے سے باز رہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھے ممبئی پولیس اور اپنی عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے اور یقین ہے کہ ہمیں انصاف ضرور ملے گا۔

انہوں نے درخواست کی کہ میڈیا اور مداح ان کی اور ان کے بچوں کی نجی زندگی کا احترام کریں اور کوئی بھی بات تصدیق کئے بغیر شیئر مت کریں۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز